چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات کیے ہیں لہٰذا عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے۔
ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ 2 طرفہ نہیں عالمی مسئلہ ہے، عالمی برادری کو 2 جوہری طاقتوں کے درمیان تنازع کے حل کےلیے مداخلت کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس کے اقدامات کے لیے جوابدہ کیا جانا چاہیے تاکہ بھارت ہوش کے ناخن لے، غیر جانبدار تحقیقات سے ہم ایسا میکنزم بنانا چاہتے ہیں جو مستقبل میں ایسے دہشت گرد حملوں کو روک سکے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کو انٹرویو میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے یہ بھی کہا کہ عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے، بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف اشتعال انگیز اقدامات کیے ہیں، بھارت پاکستانی شہریوں کے قتل عام کو چھپانے کے لیے دہشتگرد کیمپوں کا جھوٹ بول رہا ہے۔
انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان میں دہشتگرد کیمپ ہیں تو بھارت نے بین الاقوامی تحقیقات کے پاکستانی مطالبے کو کیوں رد کیا؟ بھارت نے شہری آبادی، شہری تنصیبات اور ڈیموں کو نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ منگل او ربدھ کی درمیانی شب بھارتی فوج نے بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2 مساجد شہید ہوئیں جب کہ حملوں میں 2 بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔
بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن، ایک ایس یو تھرٹی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔
Leave a Reply