[ad_1]
امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے ہزاروں بار دیکھا جا چکا ہے۔ اس ویڈیو میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ امریکی صدر نے کہا ہے کہ پاکستان نے جنگ میں شامل ہونے اور اسرائیل پر حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔ ٹرمپ کی یہ ویڈیو کلپ مصنوعی ذہانت (AI) کے ٹولز کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
دعویٰ
3 مارچ کو ایک صارف نے 51 سیکنڈ کا ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں مبینہ طور پر ٹرمپ کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے: ”پاکستان نے اسرائیل اور امریکہ کو خبردار کر دیا ہے، کیونکہ اسرائیل نے غلطی سے کہا تھا کہ ایران کے بعد پاکستان دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان اپنی فضائی، زمینی اور بحری افواج کے ساتھ مکمل الرٹ ہے۔“
انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے دوبارہ ایران پر حملہ کیا تو پاکستان اسرائیل کو تباہ کر دے گا۔
ویڈیو میں مبینہ طور پر ٹرمپ کو مزید یہ بھی کہتے سنا جا سکتا ہے: ”لیکن میرا کہنا یہ ہے کہ پاکستان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے، پاکستان کا ہمارے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے؛ ان کی فوج پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے، میری رائے میں پاکستان کو اس میں شامل نہیں ہونا چاہیے، یہ اسرائیل اور ایران کی جنگ ہے، ہمیں خطے میں امن کی ضرورت ہے۔“
اس آرٹیکل کے شائع کئے جانے کے وقت تک پوسٹ کو 77ہزار 900 بار دیکھا، 1 ہزار 700 دفعہ لائک اور 604 مرتبہ ری پوسٹ کیا جا چکا تھا۔
اسی طرح کے دعوے فیس بک، تھریڈز اور انسٹاگرام پر بھی شیئر کیے گئے ہیں۔
حقیقت
وائرل ہونے والی یہ ویڈیو آن لائن دستیاب اے آئی (AI) ٹولز کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں پاکستان کے بارے میں ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
جیو فیکٹ چیک نے ویڈیو کے کی فریمز (key frames) کی ریورس امیج سرچ (reverse image search) کی اور سراغ لگایا کہ اصل فوٹیج 30 مئی 2025 کی ہے جب ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں امریکی بزنس مین ایلون مسک کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کی تھی، جو رواں سال امریکہ کی ایران کے ساتھ جنگ شروع ہونے سے بہت پہلے کی بات ہے۔
اصل فوٹیج وائٹ ہاؤس کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔ 52 منٹ طویل اس پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہیں بھی پاکستان کے وزیر دفاع کا ذکر نہیں کیا۔ پاکستان کا واحد حوالہ 13:00 منٹ پر آتا ہے، جہاں ٹرمپ نے مئی میں ہونے والے مسلح تصادم کے خاتمے پر بھارت اور پاکستان کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔
مزید برآں، ہائیو ماڈریشن (Hive Moderation) نامی ایک اے آئی مواد کی شناخت کرنے والے پلیٹ فارم نے اس وائرل کلپ کا تجزیہ کیا اور اسے 95.4 فیصد اسکور دیا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اس کی آڈیو اے آئی (AI) سے تیار کی گئی تھی۔
فیصلہ: ڈونلڈ ٹرمپ نے 28 فروری کو ایران پر امریکی حملے کے بعد سے پاکستان، اس کی فوج یا اس کے وزیر دفاع کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔
[ad_2]
Source link


























Leave a Reply