امریکی صدر نےکہا سنا ہے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اب زندہ نہیں لیکن سپریم لیڈر کی موت کی خبر افواہ ہوسکتی ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں دعویٰ کیاکہ امریکا نے ایران کو فوجی اور معاشی طور پر مکمل شکست دے دی، خارگ جزیرے کا زیادہ تر حصہ مکمل طور پر تباہ کر دیا، ممکن ہےکہ خارگ جزیرے پر صرف تفریح کے لیے چند بار اور حملہ کریں۔
صدر ٹرمپ نے کہا ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھائی ہیں یا نہیں، یہ ابھی واضح نہیں۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز سے تیل لینے والے ممالک اس راستے کی سکیورٹی خود یقینی بنائیں، امریکا ان ممالک کے ساتھ بحری گزرگاہ کے تحفظ کیلئے تعاون کرےگا، یہ ہمیشہ ٹیم ورک ہونا چاہیے، اب دنیا امن اور استحکام کی طرف بڑھےگی۔
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران تنازع ختم کرنے کیلئے ڈیل کرنا چاہتا ہے لیکن ابھی تک ایران کی پیش کردہ شرائط اچھی نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر کہا تھا کہ اُن کی ہدایت پر امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے فوجی اہداف اور خارگ جزیرہ پر مشرق وسطیٰ کی تاریخ کے طاقتور ترین حملےکیے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ کچھ وجوہات کی بنا پر انہوں نے جزیرے کے تیل کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنےکا حکم نہیں دیا تاہم صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران یا کوئی اور آبنائے ہرمز میں آزاد اور محفوظ جہاز رانی میں مداخلت کرتا ہے تو وہ فوری طور پر اس فیصلے پر نظر ثانی کر سکتے ہیں۔


























Leave a Reply