خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر پارٹی علیمہ خان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھاکہ رات کے اندھیرے میں جیل سے بانی پی ٹی آئی کو دوسری بار اسپتال لایا گیا، رات کے اندھیرے میں قیدی کو منتقل کرنا جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے مؤقف ہے کہ عمران خان کی صحت پر فیملی بولے گی، بانی کی صحت کے معاملے پر پارٹی علیمہ خان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
ان کا کہناتھاکہ وکلا کو چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی کے کیسز کی پیروی کریں، ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈرز موجود ہیں عمل نہیں ہورہا۔
عمران خان رہائی فورس سے متعلق شفیع جان کا کہنا تھاکہ رہائی فورس ہر صورت بنے گی یہ فیصلہ ہوچکا ہے، رہائی فورس اسٹریٹ موومنٹ کے تناظر میں ہی بنائی جارہی ہے اس کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہوں گے اور اس کی ممبر شپ رمضان کے بعد ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان پارٹی قیادت پر برس پڑیں اور کہا کہ پارٹی رہنما بغیر بتائے فیصلے کر رہے ہیں، محسن نقوی نے بہنوں کو بانی پی ٹی آئی کے علاج میں رکاوٹ قرار دیا ، اس کا جواب کیوں نہیں دیا گیا؟ بیرسٹر گوہر، لطیف کھوسہ، بیرسٹر علی ظفر کہاں غائب ہیں؟ حامد خان سینیٹر بننے کے بعد نظر ہی نہیں آئے ، بیرسٹر گوہر پارٹی چیئرمین بن گئے ، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں کیسز تک نہ لگوا سکے۔


























Leave a Reply