بھارتی شہری کرنیل سنگھ نے اہلیہ سربجیت کور (نور فاطمہ) کے پاکستان میں نکاح کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
کرنیل سنگھ نے پاکستان میں سابق ایم پی اے مہندر پال سنگھ کو اپنا نمائندہ مقرر کرکے درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا کہ سربجیت کور 3 نومبر 2025 کو 10 روزہ یاتری ویزے پر پاکستان آئی تھیں۔
درخواست گزار کے مطابق اہلیہ کو قابل اعتراض تصاویرکے ذریعے بلیک میل کرکے جبری طور پر مسلمان کیا گیا، ہندو میرج ایکٹ کے تحت مذہب کی تبدیلی سے پہلی شادی ختم نہیں ہوتی، سربجیت کور کا نکاح نامے میں خود کو ’طلاق یافتہ‘ ظاہر کرنا جھوٹ ہے، جبکہ طلاق کی کوئی عدالتی ڈگری موجود نہیں، لہٰذاعدالت سربجیت کور کا نکاح کینسل کرنےکا حکم دے اور ویزا ختم ہونے پر سربجیت کور کو فوری ڈی پورٹ کیا جائے۔
کرنیل سنگھ نے درخواست کی ہےکہ بلیک میل کرکے زبردستی نکاح کرنے پر سربجیت کور کے پاکستانی شوہر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
رجسٹرار آفس نے بھارتی شہری کی درخواست پر اعتراضات عائد کردیے، رجسٹرار آفس کے مطابق اسپیشل پاور آف اٹارنی محکمہ خارجہ سے تصدیق شدہ نہیں ہے جب کہ درخواست گزار نے نکاح کینسل کرانےکے لیے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر آج بطور اعتراض درخواست پر سماعت کریں گے۔


























Leave a Reply