صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران حملے میں شہید ہونے والے افسر کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے نام سے ہوئی ہے۔
43 سالہ شہید افسر کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا۔ وہ کیڈٹ کالج بٹراسی کے فارغ التحصیل تھے اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور محاذ پر مؤثر قیادت کے باعث ساتھیوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
شہید گل فراز بنوں میں 34 لانسر کمپنی میں فرائض انجام دے رہے تھے۔ شہید کے پسماندگان میں دوبیٹے، دو بیٹیاں اور اہلیہ شامل ہیں۔ انہوں نے دورانِ سروس متعدد کامیاب آپریشنز میں حصہ لیا۔
شہید لفٹیننٹ کرنل گل فراز نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ضلع بنوں کے علاقہ سرہ درگہ میں دہشت گردوں کے خلاف آج آپریشن کا آغاز کیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں لفٹیننٹ کرنل گل فراز سپاہی سمیت جام شہادت نوش کرگئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے تک سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔
دفاعی حلقوں اور عوامی نمائندوں نے شہداء کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔


























Leave a Reply