اسلام آباد: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بڑا حصہ ٹیکسوں پر مشتمل ہے۔
وزارت توانائی کی دستاویز کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 39 فیصد ٹیکسز شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق فی لیٹر پیٹرول پر 100روپے 21 پیسے ٹیکسز ہیں جن میں 13روپے 31 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 84 روپے40 پٹرولیم لیوی جبکہ 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل ہے۔
وزارت توانائی کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایک لیٹر ڈیزل پر 94 روپے 93 پیسے ٹیکسز ہیں جو فی لیٹر قیمت کا 34فیصد ہیں۔
ایک لیٹر ڈیزل پر 15 روپے68 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 76 روپے 21 پیسے پٹرولیم لیوی اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی عائد ہے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر الگ الگ 7 روپے 87 پیسے وصول کرتی ہیں، ڈیلرز فی لیٹر پٹرول اور ڈیزل پر الگ الگ 8 روپے 64 پیسے وصول کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 275 روپے 70 پیسے ہوگئی ہے۔


























Leave a Reply