پاک فضائیہ کی جانب سے ساؤتھ زون میں فضائی مشق گولڈن ایگل کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سدرن ائیرکمانڈ کے دائرہ اختیار میں فضائی مشق گولڈن ایگل کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گيا ، مشق میں پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیتوں کو منظم انداز میں بروئےکار لایاگیا اور جنگی تیاریوں کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد مصنوعی ذہانت کے ذریعے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت بڑھانا ہے، مشق کے حربی مرحلے میں فرسٹ شوٹ، فرسٹ کل صلاحیت رکھنے والے لڑاکا طیاروں کا استعمال کیا گيا۔طیارے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بی وی آر رینج ائیر ٹو ائیر میزائلوں سے لیس تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق طیارے توسیع شدہ رینج کے ائیرٹوگراؤنڈ اسٹینڈ آف ہتھیاروں اور انتہائی درست نشانہ سازی کی صلاحیتوں سے لیس تھے۔ کارروائیوں کو ائیر ٹو ائیر ریفیولرز اور ائیر بورن ارلی وارننگ اینڈ کنٹرول سسٹمز جیسے فورس ملٹی پلائرز کی معاونت حاصل رہی، ان سسٹمز کے ذریعے دشمن کے مراکز کو نہایت درستی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی مشق کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان آپریشنز سے جنگی حالات میں پاک فضائیہ کی تیز رفتار آپریشنز کی صلاحیت کی توثیق ہوئی، مشق نے پاک فضائیہ کومتحدکمانڈ اینڈ کنٹرول کے تحت جدید فضائی جنگی تصورات کی توثیق کا موقع فراہم کیا، مشق گولڈن ایگل کی کامیاب تکمیل پاک فضائیہ کی ہمہ وقت جنگی تیاری برقرار رکھنے کا واضح ثبوت ہے۔

























Leave a Reply