اپنے دانتوں اور مسوڑوں کو مضبوط رکھنا چاہتے ہیں؟ تو روز ٹماٹر کھانا عادت بنالیں۔
جی ہاں واقعی ٹماٹر وہ پھل (جی ہاں یہ سبزی نہیں بلکہ پھل ہے) ہے جس کا استعمال مسوڑوں کے امراض سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Connecticut کالج کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ٹماٹروں میں موجود ایک غذائی جز لائیکو پین سے مسوڑوں کے سنگین امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
اسی طرح اگر غذا میں مناسب مقدار میں لائیکوپین موجود نہ ہو تو مسوڑوں کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں 65 سے 79 سال کی عمر کے 1227 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور ان کی غذائی عادات کا تجزیہ بھی کیا گیا۔
اس تحقیق میں شامل 48.7 فیصد افراد میں مسوڑوں کے امراض کی علامات موجود تھیں جبکہ 77.9 فیصد لائیکوپین کی مناسب مقدار کا استعمال نہیں کرتے تھے۔
عمر، جنس اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھنے کے بعد دریافت ہوا کہ لائیکوپین کے استعمال اور مسوڑوں کی صحت کے درمیان تعلق موجود ہے۔
تحقیق کے مطابق جو افراد مناسب مقدار میں لائیکوپین کو غذا سے جسم کا حصہ بناتے ہیں، ان میں مسوڑوں کے سنگین امراض کا خطرہ ایک تہائی حد تک گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ غذائی لائیکوپین دانتوں اور مسوڑوں کی صحت کے لیے اہم ہوتا ہے، خاص طور پر معمر افراد میں مسوڑوں کے امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق کے نتائج کو مکمل طور پر ٹھوس قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ اس میں صرف مشاہدہ کیا گیا، لائیکوپین اور مسوڑوں کی صحت کے درمیان تعلق کو ثابت نہیں کیا جاسکا۔

























Leave a Reply