قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف کا کہنا ہےکہ کرکٹ میں سب پرفارم نہیں کرتے، جو آج نہیں کرسکے وہ آئندہ کریں گے۔
کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس میں فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ مجھے اس اننگز کا اندازہ نہیں تھا، رنز نہیں بن رہے تھے لیکن دباؤ نہیں تھا، آئی سی سی ایونٹ میں یہ میری بہترین اننگز ہے، یہ میری ہی نہیں، پاکستان کی بھی ایک یادگار اننگز ہے۔
فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ ہم ورلڈکپ کھیل رہے ہیں اس میں ہر اننگز یادگار ہوتی ہے، ٹیم کے لیے اور پاکستان کے لیے جب بھی اچھا ہو تو ہمیشہ یاد رہتا ہے، بولنگ نہیں ملی تو اس سے فرق نہیں پڑتا،جب بھی موقع ملے آپ نے اچھا کرنا ہوتا ہے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے پرسکون چیز یہی ہےکہ ہم جیت گئے ہیں، کرکٹ میں سب پرفارم نہیں کرتے،جو آج نہیں کر سکے وہ آئندہ کریں گے، وکٹیں گرنے سے ایسی صورتحال ہوئی، ہمیں پارٹنر شپ چاہیے تھی، پارٹنر شپ لگ جاتی تو ایسی صورتحال نہ ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پچ پر شروع میں اسپن ہو رہی تھی، وقت گزرنےکے ساتھ پچ فاسٹ بولر کے لیے اچھی ہوتی گئی، اسپن کو مدد مل رہی تھی اس لیے انہیں زیادہ بولنگ ملی، میں تو صرف فیلڈنگ میں بھی اچھا کرنے کی کوشش کرتا ہوں، فینز سے کہوں گا کہ سپورٹ کریں اور دعا کریں، ہمیں پاکستان کے لیے خوشیاں لانا ہیں۔
خیال رہے کہ کولمبو میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی بیٹنگ کی بدولت نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3وکٹوں سے شکست دی۔
نیدر لینڈز کی ٹیم پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز پر آؤٹ ہوئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے آغاز تو اچھا کیا لیکن پھر مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام ہوا اور میچ اختتامی اوورز میں پھنس گیا۔
پاکستان کو ہدف کے تعاقب میں آخری 2 اوورز میں 29 رنز درکار تھے۔ ایسے میں فہیم اشرف نے ذمہ درانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 19 ویں اوور میں 3 چھکوں کی مدد سے 24 رنز بٹورے۔
فہیم اشرف نے آخری اوور میں بھی چوکا مار کر پاکستان کو نیدرلینڈز کے خلاف شکست سے بچالیا اور 11 گیندوں پر ناقابل شکست 29 رنز بناکر گرین شرٹس کو 3 وکٹوں سے کامیابی دلادی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔


























Leave a Reply