انڈین آئیڈل کے پہلے سیزن کے فاتح گلوکار ابھیجیت ساونت نے اریجیت سنگھ کے پلے بیک گلوکاری چھوڑنے کے اعلان کے بعد ایک انکشاف کیا ہے۔
گلوکار اریجیت سنگھ نے گزشتہ ماہ پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔
اپنے پیغام میں اریجیت نے لکھا تھا کہ ‘ہیلو، سب کو نیا سال مبارک ہو، میں ان تمام برسوں میں مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت پر شکر گزار ہوں، میں خوشی کے ساتھ یہ اعلان کر رہا ہوں کہ اب میں پلے بیک گلوکار کے طور پر کوئی نیا کام نہیں کروں گا،میں اسے یہیں ختم کر رہا ہوں، یہ ایک شاندار سفر رہا’۔
اریجیت کے پلے بیک گلوکاری چھوڑنے کے بعد ابھیجیت ساونت نے انکشاف کیا کہ گلوکاروں کا استحصال کیا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے ابھیجیت ساونت نے کہا کہ لوگ نہیں چاہتے کہ گلوکار خود فلم سے بڑے بن جائیں، اس لیے انہیں ایک خاص رقم ادا کی جاتی ہے، ہمیں اتنا پیسہ بھی نہیں ملتا کہ ہم اپنی روزی روٹی برقرار رکھ سکیں۔
بھارتی گلوکار نے کہا کہ گلوکار جانتے ہیں اگر یہ گانا میری آواز میں، کسی بڑے ستارے کے ہونٹوں کی مطابقت کے ساتھ ریلیز ہوتا ہے، تب میں اس گانے کو اپنی پوری زندگی استعمال کرسکتا ہوں، گلوکار خود پیسے نہیں چاہتے کیونکہ وہ صرف گانا گانا چاہتے ہیں یا کسی خاص پروڈیوسر کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، ہمیں جو بھی رقم ملتی ہے ہم اسے قبول کرتے ہیں کیونکہ اگر ہم ایسا نہیں کرتے ہیں تو کوئی اور کرے گا، ہمارا بہت استحصال ہوتا ہے۔


























Leave a Reply