متعدد افراد کی نظر میں کینسر ایک ایسا خطرناک سنگین مرض ہے جس پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں۔
مگر یہ تاثر درست نہیں بلکہ ایک بہت آسان عادت کو اپنا کر آپ کینسر کی مختلف اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرسکتے ہیں۔
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ چہل قدمی کو عادت بنانے سے کینسر کی 13 مختلف اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔
اس تحقیق میں 85 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
ان افراد کو کلائی میں ایک ہفتے تک ٹریکرز پہنائے گئے اور ان کی جسمانی سرگرمیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔
اس کے بعد ان افراد کی صحت کا اوسطاً 6 سال تک جائزہ لیا گیا۔
اس عرصے میں 2600 سے زائد افراد میں کینسر کی 13 مختلف اقسام میں سے کسی ایک کی تشخیص ہوئی۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ ہر قسم کی جسمانی سرگرمی جیسے سست رفتاری سے چہل قدمی سے ہی کینسر کی 13 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔
جو فرد جسمانی طور پر زیادہ متحرک ہوتا ہے، اس کے لیے یہ خطرہ اتنا زیادہ کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ 5 ہزار یا اسے زائد قدم چلنے سے کینسر کا خطرہ کم ہونے لگتا ہے۔
مثال کے طور پر روزانہ 7 ہزار قدم چلنے سے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 5 ہزار قدم چلنے والے افراد کے مقابلے میں مزید 11 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
اسی طرح 9 ہزار قدم روزانہ چلنے سے یہ خطرہ 16 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
البتہ 9 ہزار سے زائد قدم چلنے سے اس خطرے میں کوئی خاص کمی نہیں آتی یا یوں کہہ لیں کہ 9 ہزار قدم کافی ہوتے ہیں۔
محققن نے بتایا کہ آپ جتنا زیادہ خود کو متحرک رکھیں گے، کینسر سے خود کو بچانے میں اتنے زیادہ کامیاب رہیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیوں سے ہی آپ کینسر جیسے مرض کا خطرہ کم کرسکتے ہیں، بس خود کو متحرک رکھنا اہم ہے۔


























Leave a Reply