ایپل کی جانب سے آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس میں ایک حیرت انگیز فیچر کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
دی انفارمیشن کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ نئے پرو ماڈلز میں سیٹلائیٹ کے ذریعے ڈائریکٹ ٹو کال کنکٹویٹی فیچر کا اضافہ کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
اس مقصد کے لیے ایپل کی جانب سے اسپیس ایکس سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں تاکہ اسٹار لنک سیٹلائیٹ نیٹ ورک کو اس فیچر کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جاسکے۔
ابھی بھی آئی فونز کے مختلف ماڈلز میں سیٹلائیٹ میسجنگ پر مبنی فیچر ایمرجنسی سروسز دستیاب ہے۔
یہ ایسا فیچر ہے جو ابھی کسی اور اسمارٹ فون میں دستیاب نہیں۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین ایسے مقامات سے امدادی اداروں سے رابطہ کر پاتے ہیں جہاں سیلولر یا انٹرنیٹ سروسز دستیاب نہیں ہوتیں۔
اس سروس کے لیے ایپل کی جانب سے گلوبل اسٹار نامی کمپنی کے سیٹلائیٹس کو استعمال کیا جاتا ہے، مگر بظاہر یہ شراکت داری ختم ہونے جا رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہی وجہ ہے کہ ایپل کی جانب سے اسپیس ایکس سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں تاکہ سیٹلائیٹس کے ذریعے کالنگ کی سہولت آئی فون 18 پرو ماڈلز کے صارفین کو فراہم کی جاسکے۔
اس فیچر کے لیے کسی اضافی ہارڈ وئیر کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔
کچھ عرصے قبل بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے ایک اے پی آئی پر کام کیا جا رہا ہے جس سے ایپ ڈویلپرز اپنی ایپس میں سیٹلائیٹ کنکشنز سپورٹ شامل کرسکیں گے۔
اسی طرح ایپل میپس کے ایسے ورژن پر کام کیا جا رہا ہے جو سیلولر یا وائی فائی کنکشن کے بغیر نیوی گیشن میں مدد فراہم کرسکے گا۔
ایپل کی جانب سے سیٹلائیٹ میسجز میں فوٹوز کی سپورٹ بھی شامل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فونز صارفین سیٹلائیٹ سے اس وقت بھی منسلک ہوسکیں گے جب ان کے فون کا رخ آسمان کی جانب نہیں ہوگا۔
ایپل کی جانب سے ایسی رپورٹس پر کوئی بیان جاری نہیں کیا جاتا تو یہ کس حد تک درست ہے اس کا فیصلہ ستمبر 2026 میں ہوگا جب آئی فون 18 سیریز کے ماڈلز کو متعارف کرایا جائے گا۔


























Leave a Reply