وسطی چین سے تعلق رکھنے والا 8 سالہ بچہ 55 دن بعد کرشماتی طور پر ہوش میں آگیا۔
ایسا اس وقت ہوا جب اس کی کلاس کے ساتھیوں کے ویڈیو پیغامات کو اس کے سامنے چلایا گیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق صوبہ ہونان سے تعلق رکھنے والا 8 سالہ لیو چوشی نومبر 2025 میں ایک ٹریفک حادثے کے بعد کوما میں چلا گیا تھا۔
اس حادثے میں اس کے دماغ کو شدید نقصان پہنچا جبکہ پھیپھڑے بھی زخمی ہوئے۔
ڈاکٹروں نے انتباہ کیا تھا کہ اس کے ہوش میں آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
مگر ڈاکٹروں کے انتباہ کے باوجود لیو کی والدہ نے شکست تسلیم کرنے سے انکار کیا اور اپنے بیٹے کو متعدد اسپتالوں میں لے کر گئیں تاکہ اس کا علاج ممکن ہوسکے۔
ایک ڈاکٹر نے مشورہ دیا کہ جانی پہچانی آوازوں یا بچے کے پسندیدہ موسیقی سے دماغ کے مخصوص حصوں کو متحرک کیا جاسکتا ہے اور ممکن ہے کہ وہ ہوش میں آجائے۔
ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق لیو کی والدہ نے اسکول میں پلے کی جانے والی موسیقی کو اکٹھا کیا اور بیٹے کے بستر کے کنارے روزانہ چلایا۔
اس کے ساتھ ساتھ لیو کے استاد نے اس کے دوستوں کو اکٹھا کرکے مختصر مگر جذباتی ویڈیو میسجز ریکارڈ کیے۔
ایک ویڈیو میں ایک بچہ کہہ رہا تھا کہ چوشی جلد بیدار ہو جاؤ ہمیں اکٹھے فٹبال کھیلنا ہے، ایک بچی نے اسے کہا کہ ہم سب تمہیں بہت یاد کرتے ہیں، چوشی اگر ہماری آواز سن رہے ہو تو پلیز آنکھیں کھول دو۔
رپورٹ کے مطابق ان ویڈیو کو چلانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا اور کوما میں جانے کے 45 دن بعد لیو کی پلکوں میں حرکت پیدا ہونے لگی۔
کچھ دن بعد وہ اس وقت مسکرایا جب اس نے اپنے استاد کی آواز سنی اور 55 ویں دن وہ مکمل طور پر ہوش میں آگیا اور بائیں ہاتھ کو حرکت دینے میں کامیاب رہا۔
اس کے استاد اور اسکول کے دوستوں نے بعد میں اسپتال کا دورہ کیا اور اسے تحائف دیے۔
لیو کی والدہ کے مطابق وہ لمحہ زندگی بدل دینے والا تھا اور ہم نے آخر کار سورج کو بادلوں کے پیچھے سے نکلتے ہوئے دیکھ لیا اور ایک کرشمہ ممکن ہوگیا۔
اب لیو کی حالت بہتر ہے اور وہ تیزی سے صحتیاب ہو رہا ہے۔


























Leave a Reply