کراچی: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ لاہور کے واقعے پر بہت افسوس ہے لیکن گٹر کے ڈھکن لگانا وزیراعلیٰ کی ذمہ داری نہیں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک کے آغاز میں میزبان حامد میر نے بتایا کہ تیراہ سے لے کر کراچی ، کراچی سے لے کر لاہور اور کوئٹہ ہر طرف یہی صورتحال ہے، مسائل اتنے گمبھیر کر دیئے جاتے ہیں، لاہور میں ماں اور بیٹی گٹر گر کر جاں بحق ہوگئیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ابھی تک یہی کہہ رہے ہیں کہ یہ جھوٹی خبر ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ لاہور میں جو واقعہ پیش آیا وہ انتہائی افسوسناک ہے لیکن گٹر کے ڈھکن لگانا وزیراعلیٰ کی ذمہ داری نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے افسران کو طلب کیا اور ان کی سرزنش بھی کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں ایک خاتون اور اس کی 10 ماہ کی بیٹی گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گئی تھی تاہم ابتدا میں پولیس اور متعلقہ ادارے اس بات سے ہی انکار کرتے رہے کہ کوئی گٹر میں گرا ہے بلکہ پولیس نے تو شکایت لیکر تھانے آنے والے خاتون کے شوہر کو ہی گرفتار کر لیا تھا۔


























Leave a Reply