گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا۔
گورنر سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ 17 جنوری کو گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ناقابل تلافی جانی نقصان ہوا جو ایک انتہائی سنگین اور تشویشناک واقعہ ہے۔ خط میں سانحے کی شفاف، آزادانہ اور قابل اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
گورنر سندھ کے مطابق جوڈیشل انکوائری کے ذریعے آگ لگنے کی اصل وجوہات، عمارت میں موجود ممکنہ ریگولیٹری خامیوں اور حفاظتی انتظامات کی صورتحال سامنے آنی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر اس واقعے میں کسی فرد یا ادارے کی غفلت یا قانونی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ داروں کی واضح نشاندہی کی جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام سے نہ صرف احتساب ممکن ہوگا بلکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ گورنر سندھ نے اس امید کا اظہار کیا کہ عدلیہ کی نگرانی میں قائم انکوائری عوام کا اعتماد بحال کرے گی اور قانون کے مطابق انصاف کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے اور وہ سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے ساتھ آخری وقت تک کھڑے رہیں گے۔


























Leave a Reply