تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی فورسز کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ایرانی فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز کی انگلیاں ٹریگر پر ہیں، ایران نے ہمیشہ شفاف جوہری معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
عباس عراقچی نے کہاکہ ایسا جوہری معاہدہ جس میں جوہری ہتھیار نہ ہوں اور جو ایران کے حقوق کو یقینی بنائے۔
اس کے علاوہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے مشیر علی شامخانی نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی طرف سے فوجی کارروائی ہوئی تو امریکا،اسرائیل اور ان کے حمایتیوں کو نشانہ بنائیں گے۔
علی شامخانی نے کہا کہ امریکا کی طرف سے محدود حملےکی بات ایک فریب ہے، امریکی حملے کا ایرانی ردعمل فوری، مکمل اور مثالی ہوگا۔
واضح رہے کہ ایران کو دھمکی دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایک بہت بڑا بحری بیڑا ایران کی طرف بڑھ رہا ہے، وینیزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑے بیڑے کی قیادت عظیم طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کی طرح، یہ بحری بیڑا بھی ضرورت پڑنے پر طاقت، تشدد سے اپنے مشن کو فوری مکمل کرنے کا اہل ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایران جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آئے گا، امید ہے ایران منصفانہ اور مساوی معاہدے پر بات چیت کرے گا، کوئی جوہری ہتھیار نہیں، ایسا معاہدہ جو تمام فریقین کے لیے بہتر ہو۔


























Leave a Reply