چائے بالخصوص سبز چائے پینے سے ہارٹ اٹیک سمیت دیگر امراض قلب، موٹاپے، ذیابیطس اور کینسر کی متعدد اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو پسند یہ گرم مشروب صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتا ہے، جس سے دماغ کو تحفظ ملتا ہے، معمر افراد میں مسلز کے حجم میں کمی کا خطرہ گھٹ جاتا ہے جبکہ ورم کی روک تھام کرتا ہے۔
مگر یہ فوائد اسی وقت حاصل ہوتے ہیں جب آپ چائے کو مخصوص شکل میں پینا پسند کریں۔
اس تحقیق میں چائے پینے سے صحت پر مرتب اثرات پر مبنی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
سبز چائے کے حوالے سے تو کافی تحقیقی کام پہلے ہی ہوچکا ہے مگر دیگر اقسام جیسے سیاہ چائے اور دیگر سے مرتب اثرات پر زیادہ کام نہیں ہوا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے کی پتی دل کے نظام پر مثبت اثرات کرتی ہے۔
تحقیق کے مطابق مختلف تحقیقی رپورٹس میں ثابت ہوا ہے کہ چائے سے بلڈ پریشر کی سطح گھٹ جاتی ہے جبکہ کولیسٹرول کی سطح بہتر ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق چائے پینے کے شوقین افراد میں کسی بھی وجہ سے جلد موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے جبکہ کینسر کی مخصوص امراض سے متاثر ہونے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
اسی طرح یہ گرم مشروب جسمانی وزن اور ذیابیطس کو کنٹرول میں رکھنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ دل اور میٹابولک صحت سے ہٹ کر چائے کا استعمال دماغی تنزلی کی رفتار کو کم کرتا ہے اور الزائمر امراض سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
چائے سے عمر کے ساتھ مسلز کے حجم میں آنے والی کمی کی رفتار کو بھی سست کرنے میں مدد متلی ہے، جس سے مسلز کی مضبوطی بڑھتی ہے۔
مگر محققین نے بتایا کہ چائے کے تمام تر فوائد کے باوجود ہر قسم کی چائے سے صحت کو یہ فوائد حاصل نہیں ہوتے۔
بوتلوں میں دستیاب چائے اور ببل ٹی میں اضافی چینی، مصنوعی مٹھاس اور دیگر ایسے اجزا موجود ہوتے ہیں، جو اس مشروب کے قدرتی فوائد کو کم یا ختم کر دیتے ہیں۔
اسی طرح چائے میں دھاتی اجزا اور پلاسٹک کے ننھے ذرات سمیت کیڑے مار ادویات وغیرہ موجود ہوتے ہیں، جن سے معتدل مقدار میں چائے پینے والوں کو تو نقصان نہیں ہوتا، مگر زیادہ مقدار میں پینے سے خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق تمام تر نتائج کو مدنظر رکھا جائے تو یہ واضح ہوتا ہے کہ چائے صحت کے لیے مفید مشروب ہے، خاص طور پر اگر آپ اسے گھر میں بناکر پینا پسند کریں۔
چائے کی معتدل مقدار کا استعمال کرنا چاہیے تاکہ متعدد امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جائے۔
محققین نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ فوائد اور ممکنہ خطرات کی وضاحت کی جاسکے۔


























Leave a Reply