ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر کراچی کو فوری طور پر وفاق کے کنٹرول میں لینے کا مطالبہ کر دیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کراچی جیسا اہم شہر سندھ حکومت جیسی نااہل صوبائی حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہونا چاہیے، کراچی کو فی الفور وفاق کا حصہ بنایا جائے، وفاق ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کراچی کو کنٹرول کرسکتا ہے، وفاق کو آرٹیکل 148 کے تحت کراچی کو کنٹرول میں لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا گل پلازا کا سانحہ ہوا، لوگ شہید ہوگئے، گل پلازہ کی غفلت اور کارکردگی پر ہم نے اسے ظلم کہا، ظلم کوظلم کہنے پر یہ رویہ ہے تو دوبارہ کہتا ہوں کراچی کو ان کے چنگل سے آزاد کرایا جائے، سندھ حکومت کے اس اقدام سے ایم کیو ایم کے موقف کی تائید ہوئی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے سکیورٹی واپس لینے سے متعلق سوال پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا مجھ سے بھی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، سکیورٹی واپس ہمیں سیکیورٹی ہونے نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ سمجھتے ہیں سیکیورٹی واپس لے کر ہمیں ڈرا لیں گے، انہیں حق نہیں کہ وہ کراچی کے حکمران رہیں، سندھ حکومت ایسے اقدامات کرکے ہماری آواز دبا نہیں سکتی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا جئے سندھ والے شاہراہ پر کھڑے ہو کر پاکستان توڑنے کا نعرہ لگاتے ہیں، سندھ حکومت انہیں سکیورٹی دیتی ہے، یہ پاکستان کو اپنے اقدامات سے تباہ وبرباد کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا وفاقی حکومت کو خط بھی لکھا گیا ہے اور کابینہ میٹنگ میں بھی یہ بات کررہے ہیں، ساری وفاقی حکومت اور ریاست ہمارے موقف کو سن رہی ہے، دنیا چاند پر جاتی ہے اور ہمارے بچے گٹر میں گر رہے ہیں، کوئی غیر جمہوری ، غیر آئینی بات نہیں کررہا، پیپلزپارٹی سے بھی بات کریں گےکہ وہ ہمارے ساتھ یہ کرکے اپنے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں۔


























Leave a Reply