سیمی کنڈکٹر چپس ٹیکنالوجی ڈیوائسز کا دل ہوتی ہیں اور ان کا حجم بہت زیادہ نہیں ہوتا۔
مگر چینی سائنسدانوں نے ان چپس کے حجم میں کمی لانے کے لیے ایسی پیشرفت کی ہے جو دنگ کر دینے والی ہے۔
چینی سائنسدانوں نے ایک تحقیق میں بتایا کہ انہوں نے ایسی لچکدار فائبر چپ تیار کی ہے جو کسی انسانی بال جتنی پتلی ہے اور اتنی مضبوط ہے کہ بہت زیادہ دباؤ برداشت کرسکتی ہے۔
فوجان یونیورسٹی کے ماہرین نے یہ پیشرفت کی ہے۔
انہوں نے ایک نئی قسم کی فائبر سیمی کنڈکٹر چپ تیار کی ہے جسے فیبرک کے ساتھ ساتھ انسانی جسم میں بھی نصب کیا جاسکتا ہے۔
دیگر سیلیکون چپس اسٹرکچر کے مقابلے میں یہ فائبر چپ منفرد ہے اور بہت زیادہ لچکدار ہے۔
اسے ہزاروں بار موڑا جاسکتا ہے اور اس پر سے ٹنوں وانی ٹرک بھی گزر جائے تو اسے کچھ نہیں ہوتا۔
تحقیقی ٹیم کے مطابق روایتی سیلیکون چپس کو موڑا جائے تو وہ فوراً ٹوٹ جاتی ہیں جس کی وجہ وئیر ایبل ڈیوائسز میں ان کا استعمال احتیاط سے کرنا پڑتا ہے۔
اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے چینی سائنسدانوں نے غیر روایتی حکمت عملی کو اپنایا جو کہ سوشی رول سے اخذ کی گئی تھی۔
انہوں نے ایک روایتی چپ کو تیار کیا اور پھر ہموار پولیمر شیٹ کو استعمال کیا۔
جب چپ مکمل ہوگئی تو اس پر ایک حفاظتی پولیمر لیئر کی کوٹنگ کی گئی تاکہ اسے موڑنے پر نقصان نہ پہنچے اور اتنا پتلا کر دیا گیا کہ وہ انسانی بال جیسی ہوگئی۔
یہ 180 ڈگری تک موڑی جاسکتی ہے، اسے دھویا جاسکتا ہے جبکہ 100 ڈگری سینٹی گریڈ پر بھی کام کرتی ہے۔
ابھی یہ کانسیپٹ چپ ہے اور اسے کمرشل بنیادوں پر استعمال کرنے کے لیے کافی انتظار کرنا ہوگا۔

























Leave a Reply