وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہےکہ نئے صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں، جب تک اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوں گے ملک نہیں چلےگا، سمجھ نہیں آتا سیاسی برادری لوکل گورنمنٹ سے اتنی خائف کیوں ہے؟
لاہور میں تھنک فیسٹ کے دوسرے روز تقریب سےخطاب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا 18ویں ترمیم کا اہم جز بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تھا، نفاذ میں ناکامی کی وجہ سے ہی 18ویں ترمیم کو ڈھکوسلا کہا، اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہونے تک ملکی مسائل حل نہیں ہوں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹرز نے لوکل گورنمنٹ کو اختیارات دیے جو کسی سیاسی حکومت میں میسر نہیں ہوئے، ہم سیاست دان بلدیاتی نظام مؤثر انداز میں نافذکرنے میں ناکام رہے۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے سے ٹیکس زیادہ اکٹھا ہوگا، سمجھ نہیں آتا سیاسی برادری لوکل گورنمنٹ سے اتنی خائف کیوں ہے؟ سب اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر قومی مفاد کے فیصلے کرنے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سمیت کوئی بھی پارٹی لوکل گورنمنٹ کی مخالفت نہ کرے، اس نظام کے ذریعے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے، سیاست دانوں نے اگر اپنے اختیارات لینے ہیں تو مقامی لوگوں کو بااختیار بنانا ہوگا ورنہ بیوروکریسی کے درمیان فٹ بال بنیں رہیں گے، لوکل گورنمنٹ کسی کے لیے خطرہ نہیں ہوتی بلکہ اس سے تمام ادارے محفوظ رہتے ہیں، لوکل گورنمنٹ کے ذریعے نچلی سطح سے لیڈرشپ اوپر آتی ہے۔


























Leave a Reply