امریکا نے ایران کی جانب بڑی فورس روانہ کردی جس میں جنگی بحری جہاز اور طیارے شامل ہیں۔
ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہماری بڑی فورس ایران کی جانب رواں دواں ہیں، بہت سے جہاز ایران کی طرف جا رہے ہیں اور ہم ایران کے قریب احتیاطی طور پر فورس تعینات کررہے ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا انہوں نے ایران پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے، ایران کو کہا تھاکہ اگرپھانسیاں دیں تو کارروائی کریں گے، میری دھمکی کے بعد ایران نے پھانسیاں منسوخ کردیں۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اس فوجی نقل و حرکت کا مطلب یہ نہیں کہ امریکا لازمی طور پر فوجی کارروائی کرے گا۔
غیر ملکی میڈیا نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک کیریئر اسٹرائیک گروپ اور دیگر فوجی مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہوچکے ہیں اور اس میں طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن، جنگی بحری جہاز اور جنگی طیارے شامل ہیں۔
اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی نہیں کریں گے تاہم اگر ایران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کیا تو امریکا جواب دے گا۔


























Leave a Reply