اگر آپ لمبی اور صحت مند زندگی چاہتے ہیں تو ایسا آسانی سے ممکن ہے بس مختلف ورزشوں کو معمولات زندگی کا حصہ بنالیں۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ہارورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 30 سال سے زائد عرصے تک لیا گیا۔
تحقیق کے دوران ان افراد کی ذاتی تفصیلات، طبی تاریخ اور طرز زندگی کے انتخاب وغیرہ کی تفصیلات ہر 2 سال میں ایک بار اکٹھی کی گئیں۔
ان سے معلوم کیا گیا کہ وہ مختلف ورزشیں جیسے چہل قدمی، جاگنگ، سیڑھیاں چڑھنے سائیکل چلانے، ٹینس یا اسکواش وغیرہ کرتے ہیں یا نہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ مختلف اقسام کی جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے والے افراد میں کسی بھی وجہ سے جلد موت کا خطرہ لگ بھگ 20 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
محض چہل قدمی کو عادت بنانے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 17 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
ٹینس، اسکواش اور دیگر کھیلوں کو کھیلنے سے یہ خطرہ 15 فیصد، دوڑنے یا وزن اٹھانے کی ورزشوں سے 13 فیصد، جاگنگ سے 11 فیصد اور سائیکل چلانے سے 4 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
اگر سیڑھیاں چڑھنا عادت بنالیں تو کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 10 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
جو افراد مختلف جسمانی سرگرمیوں کو معمول بناتے ہیں ان میں قبل از وقت موت کا خطرہ 19 فیصد تک کم ہو جاتا ہے، امراض قلب، کینسر، نظام تنفس اور دیگر وجوہات سے موت کا خطرہ 13 سے 41 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
محققین نے تسلیم کیا کہ تحقیق کسی حد تک محدود ہے کیونکہ اس میں لوگوں کے بیان کردہ ڈیٹا پر انحصار کیا گیا جبکہ وجہ کو بھی ثابت نہیں کیا جاسکا۔
مگر ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیٹا سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ مختلف اقسام کی جسمانی سرگرمیوں کو طویل المعیاد مدت کے لیے اپنانے سے اوسط عمر میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل بی ایم جے میڈیسن میں شائع ہوئے۔


























Leave a Reply