ایپل کا نام عموماً آئی فونز اور ایپل واچز سے منسلک کیا جاتا ہے۔
مگر اب یہ کمپنی ایک بالکل نئی ڈیوائس تیار کر رہی ہے۔
دی انفارمیشن کی رپورٹس کے مطابق آئی فون تیار کرنے والی کمپنی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پن کی تیاری پر کام کر رہی ہے۔
یہ وئیر ایبل ڈیوائس ایپل کے ائیر ٹیگ سے ملتی جلتی ہوگی اور اس میں کیمرے، اسپیکر، مائیکرو فونز اور وائرلیس چارجنگ کے فیچرز موجود ہوں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے ڈیجیٹل اسسٹنٹ سیری کو چیٹ جی پی ٹی جیسے چیٹ بوٹ میں ری ڈیزائن کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ اے آئی پن ابھی تیاری کے ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہے اور کمپنی کی جانب سے اسے منسوخ بھی کیا جاسکتا ہے۔
یہ اے آئی پن پتلی، سپاٹ اور چوکور ڈسک جیسی ہوگی۔
اس میں 2 کیمرے موجود ہوں گے تاکہ فوٹوز اور ویڈیوز وغیرہ بنائی جاسکیں جبکہ 3 مائیکرو فونز اس کے اندر نصب ہوں گے۔
اس کے علاوہ ایک اسپیکر اور ایک بٹن بھی ہوگا اور اسے ایپل واچ کی طرح چارج کیا جاسکے گا۔
ایپل کی جانب سے اس طرح کی رپورٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جاتا تو کہنا مشکل ہے کہ یہ ڈیوائس حقیقت میں کیسی ہوگی۔
البتہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اے آئی پن کو جلد از جلد 2027 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
کمپنی پراعتماد ہے کہ اس کی تیار کردہ ڈیوائس لوگوں کی توجہ حاصل کرسکے گی۔


























Leave a Reply