وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے سوال کیا ہے کہ کیا اٹھارھویں ترمیم ختم کرنے سے گل پلازہ جیسے واقعات نہیں ہوں گے؟
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کو افسوسناک اور دردناک سمجھتے ہیں، قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں اس پر ہر آنکھ اشکبار ہے، ہر پاکستانی اس پر افسردہ و غمزدہ ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کسی انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوسکتی، اس سانحے کے بعد ون پوائنٹ ایجنڈا پر کام کررہے ہیں، لاشوں کو ملبے سے نکال کر کواحقین کے حوالے کیا جائے گا، لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے،ڈی این اے کے ذریعے لاشوں کی شناخت کی جارہی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سانحے میں 86 افراد لاپتہ تھے دو کا پتہ چل گیا تھا وہ اسپتال میں تھے،باقی لوگوں کی تلاش کا عمل جاری ہے، وزیراعلی نے متعلقہ لوگوں سے ملاقات کی اور یقین دہانی کروائی حکومت اکیلا نہیں چھوڑے گی، ہر لواحقین کی فیملی کو ایک ایک کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے دوران ایک فائر فائٹر شہید ہوا، حکومت فائر فائٹر کی فیملی کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یکم جنوری 2024 کو ایک رپورٹ کمشنر کراچی کوبھیجی گئی ،دو جنوری کو کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ لکھی کہ آپ اس کا آڈٹ کریں، سانحہ کی جب تک تحقیقاتی رپورٹ نہیں آتی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
شرجیل میمن کے مطابق اب تحقیقات ہورہی ہیں معلوم ہوجائے گا گل پلازہ کو نوٹس ملا تھا یا نہیں، تحقیقات میں تمام حقیقت سامنے آجائے گی، کہیں کوئی کوتائی ہے تو حکومت ایکشن لے گی، تاجروں کی ایسوسی ایشن کو ایس او پیز پر عمل درآمد کا پابند کیا جائے گا، پورے پاکستان میں 90 فیصد عمارتیں ایسی ہوں گی جو پرانی ہیں، جن میں ایمرجنسی ایگزٹ نہیں ہوگا۔
بلدیہ فیکٹری کو جلایا گیا، 12 مئی کو لوگوں کو چن چن کر نشانہ بنایاگیا: وزیر اطلاعات
پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کیا 18ویں ترمیم ختم کرنے سےاورکراچی کووفاق کےحوالے کرنے سےایسےواقعات نہیں ہوں گے؟ یہ بات وہ لوگ کررہےہیں جنہوں نے اپنے ہاتھ سے زندہ لوگوں کو بھتے کے چکر میں جلایا ہے، آپ آج بیٹھ کر سیاست کررہےہیں، عجیب و غریب باتیں کررہےہیں، الزامات لگا رہےہیں،آپ کی اپنی سیاست کیا رہی ہے؟ آپ اگر پیپلزپارٹی پر الزامات لگائیں گے تو کیاہم جواب نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہ میں آپ کی طرح بات نہیں کروں گا، بلدیہ فیکٹری کو جلایا گیا، 12 مئی کو لوگوں کو چن چن کر نشانہ بنایاگیا، معصوم لوگوں کی جانیں لیں، آپ کے منہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتیں، سانحہ عاشورہ کے بعد آپ نے بولٹن مارکیٹ کو آگ لگائی ، یہ میں نہیں کہہ رہا ہوں اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔


























Leave a Reply