سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومتِ پنجاب نے صوبائی کابینہ کی دو خواتین وزراء کے میک اپ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے 4 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ منظور کی ہے۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔ یہ نوٹیفکیشن من گھڑت ہے۔
دعویٰ
اس مبینہ نوٹیفکیشن پر 12 جنوری کی تاریخ درج ہے اور یہ مبینہ طور پر حکومتِ پنجاب کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD) کے امپلی منٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن ونگ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کے ذاتی میک اپ اور پریزنٹیشن کے اخراجات کے لیے 4 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس دستاویز پر محکمہ S&GAD کے امپلی منٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن ونگ کے کابینہ ون (Cabinet I) کے سیکشن آفیسر کے دستخط موجود ہیں۔
اس دعوے کی ملتی جلتی مثالیں یہاں، یہاں اور یہاں دیکھی جا سکتی ہیں۔
حقیقت
حکام اور آزادانہ تجزیے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ انٹرنیٹ پر گردش کرنے والا یہ نوٹیفکیشن حکومتِ پنجاب کی جانب سے کبھی جاری نہیں کیا گیا۔
کابینہ ون کے سیکشن آفیسر احمد اقبال، جن کے نام سے یہ جعلی دستخط منسوب کیے گئے ہیں، انہوں نے جیو فیکٹ چیک سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ یہ نوٹیفکیشن سراسر جعلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ”اس [نوٹیفیکیشن ] پر موجود دستخط میرے نہیں ہیں، اس طرح کی گرانٹس کی منظوری کیبنٹ 1 نہیں دیتا، [ایسی گرانٹس کی منظوری کے لیے] ایک باقاعدہ طریقہ کار ہوتاہے اور [ایسی مالیاتی گرانٹس] پر دستخط کیبنٹ II کے ہوتے کیبنٹ I کے نہیں ہوتے۔“
دستاویز میں کئی ایسی غلطیاں اور تضادات بھی موجود ہیں جن سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسے خود تیار کیا گیا ہے۔ اس پر کوئی نوٹیفکیشن نمبر درج نہیں ہے، جو کہ کابینہ ون کی جانب سے جاری ہونے والی کسی بھی سرکاری مراسلے کا لازمی حصہ ہوتا ہے۔ مزید برآں، یہ دستاویز محکمہ S&GAD کے مخصوص فارمیٹ، ساخت یا تحریری اسلوب کے بھی مطابق نہیں ہے جو عام طور پر سرکاری سطح پر استعمال کیا جاتا ہے۔
موازنے کے لیے کابینہ ون (Cabinet I) کی جانب سے جاری کردہ ایک اصل نوٹیفکیشن نیچے دیکھا جا سکتا ہے۔
پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی اپنےایکس (X) اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے انٹرنیٹ پر گردش کرنے والے اس نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا ہے۔
اس کے علاوہ، مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ مواد کی شناخت اور ڈیجیٹل میڈیا فارنزک کے ٹول Attestiv نے اس دستاویز کو 88 کاٹیمپر اسکور (Tamper Score) دیا ہے، جو اس بات کا قوی امکان ظاہر کرتا ہے کہ اسے AI ٹولز کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔
فیصلہ: وزراء کے میک اپ کے اخراجات کے لیے خصوصی گرانٹ کا دعویٰ کرنے والا یہ نوٹیفکیشن من گھڑت ہے اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔


























Leave a Reply