کیا آپ پسند کریں گے کہ چیٹ جی پی ٹی کو اپنے کان کے پیچھے پہن لیں؟
جی ہاں واقعی اوپن اے آئی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیوائس تیار کی جا رہی ہے جو رواں سال کی دوسری ششماہی کے دوران متعارف کرائی جائے گی۔
اوپن اے آئی کے گلوبل افیئرز آفیسر کرسک لیہان نے بتایا کہ یہ ڈیوائسز 2026 میں اوپن اے آئی کی اہم ترین پیشرفت ہوں گی۔
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ کمپنی کو توقع ہے کہ 2026 کے آخر تک نئی ڈیوائسز کو متعارف کرا دیا جائے گا۔
مگر انہوں نے ڈیوائس کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
البتہ اگر سابقہ لیکس کو مدنظر رکھا جائے تو چیٹ جی پی ٹی پر مبنی ڈیوائس کانوں میں پہننے کے لیے ہوگی۔
گزشتہ دنوں ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ اوپن اے آئی کی ڈیوائس ایپل کے ائیر پوڈز جیسی ہوگی جس کو کانوں کے پیچھے لگایا جاسکے گا۔
لیک میں بتایا گیا کہ یہ ڈیوائس ستمبر 2026 تک متعارف کرائی جاسکتی ہے جبکہ کمپنی کی جانب سے 2028 تک 5 ڈیوائسز کو متعارف کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ اوپن اے آئی نے مئی 2025 میں اے آئی ڈیوائسز کی تیاری کے لیے ایپل کے سابق ڈیزائن چیف جونی آئیو اور اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین کی مشترکہ کمپنی آئی او کو اربوں ڈالرز میں خریدا تھا۔
جونی آئیو اور سام آلٹمین نے 2024 میں شراکت داری کی تھی اور ان کا بنیادی مقصد ایک وائس ایکٹیو اے آئی اسسٹنٹ کو تیار کرنا تھا۔
جونی آئیو کو آئی فون ڈیزائن کی وجہ سے جانا جاتا ہے اور سام آلٹمین کے ساتھ انہوں نیویارک ٹائمز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اس شراکت داری کا مقصد ایسی حیرت انگیز پراڈکٹس تیار کرنا ہے جو انسانیت کو بہتر بنائیں گی۔
فروری 2025 میں ایک انٹرویو کے دوران سام آلٹمین نے عندیہ دیا تھا کہ اوپن اے آئی کی جانب سے اسمارٹ فونز کے متبادل پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوپن اے آئی کمپنی اسمارٹ فونز کے متبادل کے طور پر چیٹ جی پی ٹی ہارڈ وئیر (آسان الفاظ میں ڈیوائسز) تیار کرنا چاہتی ہے۔
جاپانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اوپن اے آئی کے مستقبل کے منصوبوں پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ شراکت داری کرکے ہم چیٹ جی پی ٹی اے آئی ہارڈ وئیر ڈیوائس تیار کرسکیں گے۔

























Leave a Reply