کراچی: گل پلازہ میں آگ لگنے کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر شوبز ستارے بھی خاموش نہ رہے۔
سانحہ گل پلازہ میں اب تک 26 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے اور متعدد لاپتا ہیں۔
اس سانحہ پر جہاں پوری قوم غم زدہ ہے وہیں شوبز ستاروں نے بھی اپنے سوشل اکاؤنٹس پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی اسٹوری میں سانحہ گل پلازہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس سانحے کی ویڈیوز دیکھ کر غصہ آرہا ہے، بے یارومددگار بھی محسوس کررہی ہوں، یہ محض ایک حادثہ ہے یا بے حسی؟
اداکارہ نے زخمیوں کی شفایابی اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔
اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس ناقابل یقین ہولناک سانحے نے تمام کراچی والوں کو مایوسی، غم اور مکمل صدمے میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آگ کو بروقت نہ بجھایا جاسکا جس سے اتنے لوگ لقمہ اجل بن گئے اور کروڑوں کا نقصان ہوا، فائر فائٹرز کی گاڑیاں کہاں تھیں؟ آگ 24 گھنٹے سے زیادہ کیوں جلتی رہی؟
اداکارہ سحر خان نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے دکھ کا اظہار کیا، انہوں نے سندھ حکومت اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے فوری مداخلت اور متاثرین کے نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
اداکارہ نے اپنے کام کی انجام دہی کے دوران مرنے والے ریسکیو 1122 کے اہلکار کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔
اداکارہ منال خان نے سانحہ پر دکھ کا اظہار کیا جب کہ اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک جذباتی پوسٹ کرتے ہوئے سانحے کے حوالے سے غفلت اور حفاظتی اقدامات پر سوال اٹھایا اور کہا کہ ‘گل پلازہ میں جو ہوا وہ نہایت دل دہلا دینے والا ہے، جس طرح قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔’


























Leave a Reply