کراچی: گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد اب بھی 73 افراد لاپتا ہیں۔
سندھ حکومت کی ہیلپ ڈیسک کے مطابق کل 70 افراد کے لاپتا ہونے کا اندراج ہوا تھا جب کہ آج مزید 3 افراد کے نام لاپتا افراد کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔
فہرست کے مطابق لاپتا افراد میں کئی خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق گل پلازہ میں آگ پر تقریباً قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے جب کہ ریسکیو اہلکار لاپتا افراد کو بھی تلاش کررہے ہیں۔
دوسری جانب کراچی پولیس چیف آزاد خان نے سانحہ گل پلازہ کی ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب لگی اور گراؤنڈ فلور پر لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پہنچی جس کے نتیجے میں خوفناک آتشزدگی سے عمارت کے کئی حصے گرگئے۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق گل پلازہ میں آرٹیفیشل گملوں اور پھولوں کی دکان میں ہفتے کی شب 10 بج کر14 منٹ پرآگ لگی تھی جب کہ 10 بج کر 38 منٹ پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی۔
سانحہ گل پلازہ میں اب تک 14 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

























Leave a Reply