بھارت کے بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ نے پنجابی گلوکار پراتیک بچن المعروف بی پراک کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی پراک کو لارنس بشنوئی گینگ کے ایک رکن کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی اور 10 کروڑ روپے بھتّے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔
رپورٹ میں بتایا گیاکہ بی پراک کے قریبی ساتھی اور پنجابی گلوکار دلنور کو 5 جنوری کو ایک غیر ملکی نمبر سے2 مسڈ کالز موصول ہوئیں، جنہیں انہوں نے نظر انداز کیا لیکن پھر اگلے دن ایک مختلف غیر ملکی نمبر سے کال آئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فون کرنے والے نے اپنی شناخت ارجو بشنوئی کے نام سے کروائی اور بی پراک کے قریبی ساتھی دلنور کو کہا کہ ہمارا پیغام بی پراک تک پہنچا دو۔
دھمکی دینے والے نے کہا کہ بی پراک تک یہ پیغام دو کہ ہمیں 10 کروڑ روپے چاہیے۔ تمہارے پاس ایک ہفتہ ہے۔ تم کسی بھی ملک چلے جاؤ، لیکن اگر اس سے وابستہ کوئی شخص ہمارے قریب پایا گیا تو نقصان پہنچایا جائے گا۔
دھمکی دینے والے نے مزید کہا کہ اگر مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو وہ بی پراک کو مٹی میں ملا دیں گے اور انہیں جان سے مار دیا جائے گا۔
دلنور کی شکایت پر پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق فون کالز کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پراتیک بچن، جو بی پراک کے نام سے مشہور ہیں، پنجابی اور ہندی موسیقی کے نمایاں گلوکار اور میوزک ڈائریکٹر ہیں۔
ان کے مشہور گانوں میں “من بھرّیا” اور فلم اینیمل کا مشہور گانا “ساری دنیا جلا دیں گے” وغیرہ شامل ہیں۔


























Leave a Reply