پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ انہیں مذاکرات کا ماحول نظر نہیں آرہا جسے اصولوں پر بات کرنی ہے وہ ہم سے بات کرے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے جیو نیوز سے گفتگو میں ایک مرتبہ پھر مذاکرات کے لیے نئی شرائط رکھ دیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے، عوامی مینڈیٹ کی واپسی اور آزاد عدلیہ پر بات کی جائے۔ کسی آسائش کے لیے اور چور دروازے کے لیے بات نہیں کریں گے۔ عمران خان کو سائیڈ پر نہیں رکھا جاسکتا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں ساتھ بیٹھ کر چائے پیئں، بسکٹ کھائیں تاکہ لگے کہ سب اچھا ہے ، جھوٹ کو چھپانے کے لیے یہ ایسا تاثر دینا چاہتے ہیں کہ اپوزیشن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ پہلے بھی حکومت کے ساتھ بیٹھے تھے، بسکٹ کھائے، چائے پی اور کچھ نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان ڈائیلاگ کے حق میں نہیں، پی ٹی آئی والے جب ملتے ہیں تو کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران راناثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے یہ بھی کہتے ہیں کہ بانی سے ملنے کا موقع ملے تو وہ ان کو آمادہ کرلیں گے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی واپس آئے اور اسٹینڈنگ کمیٹیوں میں بیٹھے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کچھ چیزوں پر حکومت سے تعاون کرنا چاہیے اور بعض جگہوں پر اپنے معاملات میں بہتری لانی چاہیے۔


























Leave a Reply