ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ کارروائیوں میں 5 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
ضلع خیبر کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقاص احمد کے مطابق پہلی کارروائی شاکس بائی پاس روڈ پر اس وقت کی گئی جب سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع ملی کہ دہشت گرد علاقے میں موجود ہیں اور کسی بڑی واردات کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاع پر سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لےلیا۔
اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، کارتوس اور دیگر ایمونیشن برآمد ہوا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اسی علاقے میں دو روز قبل دہشت گردوں نے اسپیشل برانچ کے ایک اہلکار کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا۔
دوسری کارروائی ضلع خیبر کے علاقے ملک دین خیل میں کی گئی جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارےگئے۔ کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے ایک مشین گن اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔






















Leave a Reply