شاہزیب خانزادہ نے کیس نمبر 9 کے کرداروں کی حقیقی کہانیاں بتا دیں، ’کیس نمبر 10‘ کا بھی اعلان


شاہزیب خانزادہ نے کیس نمبر 9 کے کرداروں کی حقیقی کہانیاں بتا دیں، ’کیس نمبر 10‘ کا بھی اعلان

حال ہی میں شاہزیب خانزادہ نے ایک یوٹیوب شو میں انٹرویو دیتے ہوئے ڈرامہ ’کیس نمبر 9‘ کے پسِ پردہ حقیقت سے جڑی کہانیوں اور کرداروں کے بارے میں بتایا__فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کے معروف اینکر اور سپر ہٹ ڈرامہ کیس نمبر 9 کے رائٹر شاہزیب خانزادہ نے کیس نمبر 10 کا بھی اعلان کردیا۔

حال ہی میں شاہزیب خانزادہ نے ایک یوٹیوب شو میں انٹرویو دیتے ہوئے ڈرامہ ’کیس نمبر 9‘ کے پسِ پردہ حقیقت سے جڑی کہانیوں اور کرداروں کے بارے میں بتایا۔

ہندو کردار روہت اور منیشا کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ یہ کردار ان کے ایک قریبی ہندو دوست سے متاثر ہو کر تخلیق کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور اینکر مجھے یہ احساس ہوا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے ان کا ذاتی تجربہ عوام کی اکثریت سے مختلف ہے، خصوصاً سندھ میں اقلیتوں کے تجربات نسبتاً مختلف ہیں جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں حالات مختلف نظر آتے ہیں۔

شاہزیب کے مطابق جب ان کے پروگرام میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی جاتی تھی تو اقلیتی برادری کے افراد کا حد سے زیادہ شکر گزار ہونا حیران کن اور تشویشناک تھا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مسئلہ ہماری سوچ سے کہیں زیادہ سنگین ہے۔

انہوں نے بتایا کہ روہت ان کی ٹیم کا رکن ہے، منیشا اس کی اہلیہ جب کہ شہباز اور عروسہ بھی ان کی ٹیم کے افراد سے متاثر کردار ہیں، نام رکھنے میں دشواری کے باعث انہوں نے حقیقی زندگی کے لوگوں کے نام استعمال کیے، حتیٰ کہ روہت اور منیشا کے بیٹے وکاس کا نام بھی ان کے ایک دوست سے لیا گیا، ان کا مقصد ڈرامے میں اقلیتوں کی نمائندگی کو اجاگر کرنا تھا۔

 ’کیس نمبر 9‘ کسی ایک واقعے پر مبنی نہیں: شاہزیب کی گفتگو

حقیقی واقعات سے متاثر ہونے کے سوال پر شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ’کیس نمبر 9‘ کسی ایک واقعے پر مبنی نہیں، تاہم کچھ مناظر حقیقی زندگی سے لیے گئے ہیں، مثال کے طور پر ایک طاقتور کردار کی جانب سے وکلا کے ذریعے متاثرہ شخص پر دباؤ ڈالنے کا واقعہ حقیقت میں پیش آیا تھا، جسے ڈرامے میں شامل کیا گیا، اسی طرح انسپکٹر شفیق کا تفتیشی انداز بھی حقیقی تھا، البتہ اصل واقعہ کہیں زیادہ سخت اور ظالمانہ تھا، جسے ناظرین کے لیے نرم کر دیا گیا۔

ڈرامہ کیس نمبر 9 کی غیر معمولی کامیابی کے بعد شاہزیب خانزادہ نے اپنی نئی تحریر ’کیس نمبر 10‘ کا اعلان بھی کر دیا۔

انٹرویو میں 39 سالہ اینکر نے بتایا کہ میں اپنی نئی مرڈر مسٹری کہانی مکمل کر چکا ہوں تاہم اس کے نشر ہونے کی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی، کیس نمبر 9 کو ملنے والے شاندار ردِعمل نے مجھے فوری طور پر اگلے پراجیکٹ پر کام کرنے کا حوصلہ دیا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *