کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آج بھی جاری ہے ، خوارج کو ہمسایہ ملکوں کی جانب سے سپورٹ دی جارہی ہے ، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہيں بیٹھیں گے۔
کوئٹہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ٰ بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں ترقی کے فروغ، امن و امان کے قیام، سیاسی ہم آہنگی کے استحکام اور وزیر اعظم کمپلینٹ سیل پر درج عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔
وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی نے خیبر پختون خوا کی طرح بلوچستان میں بھی مشکلات پیدا کیں ، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہيں بیٹھیں گے ، معرکۂ حق میں دشمن کو ایسا سبق سکھایا کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا ۔
اس سے قبل چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے وزیر اعظم کو صوبے میں مختلف شعبہ جات میں کی جانے والی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت، اور بالخصوص تعلیم، صحت، گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ تھے۔























Leave a Reply