وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دی اور متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں تیل وگیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی مد میں خرچ ہونے والا زر مبادلہ بچایا جا سکے۔
وزیراعظم نے تیل و گیس سپلائی چین کو درآمد ہونے سے لے کر صارفین کے استعمال تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل و گیس کی ترسیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے ان مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔
ادھر معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری میں اضافہ اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کے لیے سفارشات طلب کرلیں۔
شرکا سے گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کےشعبے کی ترویج کی تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس کی پالیسی پر تمام وزارتوں کی طرف سے مؤثر عملدر آمد کو ناگزیر قرار دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام وزارتیں اپنے شعبوں سے متعلقہ بیرونی، اندرونی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات جلد از جلد مرتب کریں۔






















Leave a Reply