20 روز سے جاری جھڑپوں کے بعد تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی پر عمل درآمد شروع


20 روز سے جاری جھڑپوں کے بعد تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی پر عمل درآمد شروع

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی 3روز سے جاری مذاکرات کے بعد عمل میں آئی ہے۔—فوٹو: رائٹرز 

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی 3روز سے جاری مذاکرات کے بعد عمل میں آئی ہے۔

جنگ بندی ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے سے نافذ ہو ئی۔ 

 دونوں ممالک کے مشترکہ بیان کے مطابق فوری جنگ بندی اور فوجیوں کی تمام نقل و حرکت منجمد کرنے اور سرحدی علاقوں کے شہریوں کو گھر واپسی کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے تخریب کاری اور سائبر کرائم کا مقابلہ کرنے میں تعاون پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔

بیان کے مطابق، جنگ بندی کے 72 گھنٹے مکمل ہونے کے بعد تھائی لینڈ کی حراست میں موجود کمبوڈیا کے 18 فوجیوں کو رہا کر دیا جائے گا، جو جولائی سے وہاں زیرِ حراست ہیں۔

واضح رہے کہ  20 روز سے جاری سرحدی جنگ میں دونوں طرف سے کم از کم 101 افراد ہلاک اور 50 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوئے۔

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے 817 کلومیٹر طویل زمینی سرحد کے مختلف غیر واضح حصوں پر خودمختاری کا تنازع ہے۔

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان یہ تنازع ایک صدی سے زیادہ پرانا ہے جب فرانس، جو 1953 تک کمبوڈیا پر قابض تھا، نے سرحدی حدود کا تعین کیا تھا۔

817 کلومیٹر طویل سرحد کے حوالے سے یہ تنازع وقتاً فوقتاً سر اٹھاتا رہا ہے اور اسے اکثر قوم پرستانہ جذبات نے مزید ہوا دی۔

دونوں ممالک کے درمیان رواں سال کشیدگی مئی میں شروع ہوئی تھی ، جب دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان ایک متنازع علاقے میں فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا، جس میں ایک کمبوڈین فوجی ہلاک ہوگیا۔ اس واقعے کے بعد دونوں حکومتوں نے جوابی اقدامات کا سلسلہ شروع کردیا۔

ان اقدامات کے تحت تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کے ساتھ سرحدی پابندیاں لگائیں، جبکہ کمبوڈیا نے تھائی فلموں کی نشریات پر پابندی لگا دی، پھل و سبزیوں کی درآمد بند کر دی اور تھائی لینڈ سے انٹرنیٹ بینڈوڈتھ کم کر دی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *