خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے تھانا سرائے نورنگ کے علاقے تختی خیل میں دہشت گردوں کے حملے سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا۔
دہشتگردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد زیرِ علاج ہیں۔ حملے میں ایک شہری بھی جاں بحق ہوا۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے ڈرون سے حملہ کیا اور فائرنگ کرکے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ آر پی او کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تختی خیل میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیر داخلہ نے حملے کے نتیجے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے پانچ خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔























Leave a Reply