اسلام آباد: عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب کا کہنا ہےکہ آج پاکستان کی جیت ہوئی، پی آئی اےکو دوبارہ سے عظیم بنانے کے لیے محنت کریں گے۔
اسلام آباد میں عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے قومی ائیر لائن پی آئی اے کو خریدنےکے لیے 135 ارب روپے کی کامیاب بولی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عارف حبیب کا کہنا تھا کہ آج کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملےگا اور بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔
عارف حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے بولی کا کامیاب انعقاد کرایا، پرائیویٹائزیشن کمیشن اور کابینہ کو بھی اس سارے عمل کا کریڈٹ جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ائیرلائن کو دوبارہ سے عظیم بنانے کے لیے محنت کریں گے، اس سے پاکستان کی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا، مجھے لگتا ہے اس سے نجکاری کے اور راستے کھلیں گے، پرائیویٹائزیشن کمیشن نے شفاف طریقے سے سارا عمل مکمل کیا۔
خیال رہے کہ عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے لیے بولی کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی لگائی اور پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کی۔
مشیر نجکاری کمیشن محمد علی کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کی نجکاری اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، حکومت کا مقصد قومی ائیرلائن کوبیچنا نہیں بلکہ اسے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، قومی ائیرلائن کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری آئےگی۔
مشیر نجکاری کمیشن کے مطابق حکومت چاہتی ہے قومی ائیرلائن ماضی کی طرح بہتر ہو، بولی سے حاصل رقم کا 92.5 فیصد حصہ قومی ائیر لائن کی بہتری پر خرچ ہوگا۔























Leave a Reply