پشاور: کے پی حکومت نے و فاق کی جانب سے ناقص قرار دی گئی 3 بلٹ پروف گاڑیاں اب تک واپس نہیں کیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ کی بھیجی گئی بلٹ پروف گاڑیاں وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے تاحال واپس نہیں کیں جو ابھی تک خیبرپختونخوا پولیس کے پاس ہیں۔
وفاق کی جانب سے یہ گاڑیاں ہائی رسک علاقوں میں پولیس افسران کی سکیورٹی بڑھانے کے لیے دی گئی تھیں تاہم سہیل آفریدی نے انہیں پرانی اور ناقص قرار دے کر واپس بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ایسی گاڑیوں کو رکھنا صوبے اور پولیس کی توہین ہوگی جس پر وفاق نے وزیراعلیٰ کے اس فیصلے پر سخت تنقید کی تھی۔
اس حوالے سے وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ اگر کے پی کو یہ گاڑیاں نہیں چاہئیں تو انہیں بلوچستان بھیج دیں گے۔
دوسری جانب کے پی پولیس نے اپنی صلاحیت بڑھانے کے لیے بڑے پیمانےپرخریداری شروع کردی ہے جس کے تحت 46 ڈالے بکتربند بنانے کے لیے بھیجے گئے اور13 ہیوی مکینیکل انڈسٹریز (ایچ ایم آئی) سے وصول ہوچکے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مزید 20 بکتر بند ڈالے اس ماہ مل جائیں گے جب کہ ایچ ایم آئی کومزید گاڑیوں کو بکتربند بنانے کا الگ آرڈر دیا گیا تھا جن میں سے 20 بن کر آچکی ہیں۔


























Leave a Reply