وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مذاکرات نہیں کرنا چاہتی ہے، عمران خان نے پارٹی میں کسی کو مذاکرات کی اجازت نہیں دی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا نےکہا کہ پی ٹی آئی کو متعدد بار مذاکرات کی پیشکش کی لیکن وہ مذاکرات نہیں کرنا چاہتے، اگر یہ وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرتے تو سیاسی درجہ حرارت نیچے آسکتا تھا۔
رانا ثنا نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے لوگ وہی بات کر رہے ہیں جو بھارت کر رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف میں تقریباً 80 فیصد لوگ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پالیسی اور سیاست سے متفق نہیں۔
اس سے قبل نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں رانا ثنا نےکہا کہ جلسے میں جو باتیں کی گئیں ان کو پیغام مل جائے گا اور بڑی قوت سے ملے گا، یہ لوگ اس قسم کی حرکتیں کر کے اپنے انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی اکثریت اس پاگل پن کا حصہ نہیں بنےگی۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف غداری کے مقدمے کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا، ان کا انجام ایم کیو ایم اور بانی ایم کیو ایم سے مختلف نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عنقریب پاکستان تحریک انصاف اور اڈیالہ تحریک انصاف میں فرق واضح ہوجائے گا۔























Leave a Reply