بھارتی فلم ’شعلے‘ 50 برس بعد نئے اختتام کیساتھ ریلیز کیلئے تیار، اب کلائمیکس میں کیا ہوگا؟


بھارتی فلم ’شعلے‘ 50 برس بعد نئے اختتام کیساتھ ریلیز  کیلئے تیار، اب کلائمیکس میں کیا ہوگا؟

فوٹو:فائل 

بھارت کی شہرہ آفاق فلم ’شعلے‘ 50 برس بعد نئے اختتام کے ساتھ اگلے ماہ ریلیز کی جائے گی۔

1975 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ کی مشہور زمانہ فلم ‘شعلے’ بھارت کی سب سے کامیاب اور سپرہٹ فلم سمجھی جاتی ہے جس کے جاندار ڈائیلاگ آج بھی فلمی شائقین کی زبانوں پر ہیں۔

بالی وڈ ہدایت کار رمیش سپی کی تاریخی فلم شعلےکی اسٹار کاسٹ میں دھرمیندر، امیتابھ بچن، امجد خان، سنجیو کمار، ہیما مالنی اور جیا بچن شامل تھے۔

اس فلم کے مداحوں کیلئے خوشخبری سامنے آئی ہے کہ فلم  ’شعلے‘ اگلے ماہ 12 دسمبر کو نئے اختتام کے ساتھ دوبارہ سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی میں فلم کے ڈائریکٹر رمیش سپی کو مجبوری کے تحت فلم کا اختتام  تبدیل کرنا پڑا تھا۔ 

تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کے 50 سال مکمل ہونے پر فلم شعلے کے  ڈائریکٹر رمیش سپی  نے اعلان کیا کہ اب ناظرین کو وہ اختتام دیکھنے کا موقع ملے گا جو ان کے مطابق ’شعلے‘ کو مزید تاریخی بنا  دے گا۔

یاد رہے کہ فلم کے کلائمیکس پر ٹھاکر کا کردار نبھانے والے سنجیو کمار گبر سنگھ کو پولیس کے حوالے کرتے ہیں۔

فلم کا اصل اختتام کیوں بدلا گیا؟

ایک انٹرویو میں رمیش سپی نے بتایا کہ سینما ریلیز سے عین پہلے فلم کا اینڈ دوبارہ شوٹ کرنا پڑا اور اس کی وجہ سینسر بورڈ تھا۔

1975 کا سال، جب ’شعلے‘ ریلیز ہوئی، بھارتی تاریخ کا ایک سخت دور تھا کیونکہ اس وقت وزیراعظم اندرا گاندھی نے ایمرجنسی نافذ کر رکھی تھی۔ ایک ایسا دور جس میں آزادیِ اظہار پر پابندی، سیاسی مخالفین کی گرفتاریاں اور میڈیا پر سخت سینسرشپ شامل تھے۔

رمیش سپی نے ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ سینسر بورڈ کو اصل اختتام ’بہت زیادہ پرتشدد‘ لگا۔

انہوں نے کہا  کہ اس وقت ایمرجنسی لگی تھی، اس لیے انفارمیشن منسٹری یا سینسر بورڈ کے خلاف کھڑے ہونا آسان نہیں تھا۔ ہمیں ان کا فیصلہ ماننا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ تشدد کے اثر کو کم کرنا چاہتے تھے۔ آخرکار جو ورژن ریلیز ہوا، اسے بھی شاندار پذیرائی ملی۔

ریلیز شدہ ورژن میں گبر سنگھ کو پولیس گرفتار کر لیتی ہے اور ٹھاکر قانون کو ہاتھ میں نہ لینے کا فیصلہ کرتا ہے لیکن فلم کے مصنفین سلیم جاوید کے لکھے اصل کلائمیکس میں، ٹھاکر  بدلہ لیتے ہوئے کانٹے دار جوتے سے گبر کو مار دیتا ہے۔

رمیش سپی کے مطابق فرق زیادہ نہیں ہے، بس اصل اختتام میں ٹھاکر گبر کو مار دیتا ہے۔ لیکن جو ورژن گزشتہ 50 سال سے چل رہا ہے، اس میں ٹھاکر کو پولیس افسر روک دیتا ہے کہ تم خود قانون کے رکھوالے ہو، اس لیے قانون اپنے ہاتھ میں لینا درست نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم شعلے اب اصل اختتام کے ساتھ 12 دسمبر کو دوبارہ ریلیز ہوگی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *