بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی شادی مداحوں میں کئی سالوں بعد بھی خاصی مشہور ہے۔
2017 میں اٹلی میں منعقدہ ایک خوبصورت تقریب میں انوشکا اور ویرات رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے لیکن کیا آپ جانتے ہیں دونوں شخصیات کی شادی کا یہ خوبصورت فنکشن ایک رات قبل تباہ ہوتے ہوتے بچا؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوشکا اور ویرات کی شادی کے ویڈیو گرافر وشال پنجابی نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ’ انوشکا اور ویرات کی شادی کیلئے تیارکیا گیا منڈپ ایک روز قبل موسلا دھار بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے بعد آخری لمحات میں شادی کیلئے مقرر کیا گیا وینیو تبدیل کردیا گیا‘۔
وشال پنجابی کے مطابق ’ ویرات انوشکا کی ویڈنگ پلانر دیویکا نارائن اس پوری رات نہیں سوئیں، انہوں نے رات بھر جاگ کر شادی کیلئے تیار کیا گیا منڈپ دوسری جگہ منتقل کیا، اس تبدیلی کے دوران ویرات انوشکا مکمل طور پر پرسکون تھے کیوں کہ انہوں نے انتظامات کیلئے مکمل طور پر ویڈنگ پلانر کے انتخاب پر بھروسہ کیا ہوا تھا‘۔
وشال پنجابی کے مطابق ’ویرات انوشکا نے اپنی شادی کیلئے تیار کیا گیا منڈپ تک نہیں دیکھا تھا، تیز بارش کے بعد ایونٹ منیجر نے سارا سیٹ اپ ایک ہی رات میں دوسرے مقام پر منتقل کیا جو کہ ہرگزآسان نہیں تھا‘۔
ویڈیو گرافر نے ویرات کے ساتھ کام کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’شادی کے روز جب میں وہاں پہنچا تو انوشکا اور ویرات نہ مجھے جانتے تھے نہ میرے کام کو ، اس کے باجوود جوڑے نے میرا پرتپاک استقبال کیا اور مجھے اپنا کام کرنے کی مکمل آزادی دی ‘۔
وشال پنجابی کے مطابق جب میں ویرات سے ملا تو انہوں نے مجھے کہا تھا کہ ’ ہمیں نہیں معلوم کہ آپ کیا کرتے ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ اگر آپ یہاں ہیں تو یقیناً آپ نے اچھا کام کیا ہوگا‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ویرات انوشکا نے اپنی شادی کے انتظامات کیلئے منتظمین پر بھروسہ کیا تھا اور انہوں نے ہم پر، یہ ایک بہت چھوٹی سی شادی کی تقریب تھی لیکن سب مجھ سے بہت محبت اور مہربانی کے ساتھ ملے ، دونوں ہی فطری طور پر بہت اچھے اور پیارے لوگ ہیں‘۔


























Leave a Reply