ٹی وی شو میزبان وسیم بادامی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ڈاکٹرز نے بتایا کہ اگر تھوڑا سا ٹائم مل جاتا تو وہ عمر کیلئے کچھ کرسکتے تھے۔
عمر شاہ کے انتقال کا افسوسناک واقعہ
گزشتہ ہفتے پیر کی صبح ’پیچے تو دیکھو پیچے‘ سے راتوں رات شہرت حاصل کرنے والے پاکستان کے ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے مداحوں کو اپنے چھوٹے بھائی عمر شاہ کے انتقال کی افسوسناک خبر سنائی تھی۔
اہلخانہ کے مطابق عمر بالکل ٹھیک تھا لیکن رات کو اچانک طبیعت خراب ہوئی اور انہیں قے آئی، اہلخانہ نے بتایا تھا کہ قے کے باعث کوئی چیز سانس کی نالی میں چلی گئی جس کے بعد انہیں سول اسپتال لے جایا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ صبح فجر کے وقت خالق حقیقی سے جاملے۔
بعد ازاں عمر شاہ کے چچا نے بتایا تھا کہ جس رات عمر کا انتقال ہوا اس رات وہ بالکل ٹھیک تھا، عمر کو رات تک ہلکی سی بھی کہیں کوئی تکلیف نہیں تھی۔
وسیم بادامی کی گفتگو
حال ہی میں نجی ٹی وی شو کے دوران وسیم بادامی نے عمر شاہ کی اچانک ہونے والی موت پر ان کے چچا کی زبانی سنی کہا نی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’ عمر کی رات میں طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد احمد شاہ نے اپنے چچا کے روم میں جاکر انہیں بتایا‘ ۔
وسیم بادامی کے مطابق جب احمد نے اپنے چچا کو بتایا کہ عمر کو الٹی ہوگئی ہے تو انہوں نے پہلے اسے نارمل لیا، جب عمر کے پاس پہنچے تو اس کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر اسے اسپتال لے جایا گیا، عمر کے چچا کے مطابق جب وہ عمر کو لے کر اسپتال پہنچے تو انہوں نے اسے گود میں اٹھایا ہوا تھا لیکن اسپتال کا کوریڈور لمبا ہونے کی وجہ سے وہ زیادہ دور عمر کو لے کر پیدل نہیں بھاگ سکے، انہوں نے اسپتال کے کوریڈور پر زمین پر بیٹھ کر مدد کیلئے پکارا اس دوران وقت ضائع ہوتا رہا، چچا کے مطابق اس کے بعد وہاں موجود عملے نے عمر کو آکر ڈاکٹرز کے روم تک پہنچایا۔
وسیم بادامی کا مزید کہنا تھا کہ میری جب ان ڈاکٹرز سے بات ہوئی تو ان کا کہناتھا کہ عمر نے ہمیں 5 سے 10 منٹ دیے، اگر عمر ہمیں تھوڑا ٹائم اور دے دیتا ہم اس کیلئے کچھ کرسکتے تھے۔

























Leave a Reply