
بھارتی فلم میکر پراہلاد کاکڑ نے گزشتہ برس ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ایشوریا کے روزانہ اپنی والدہ کے گھر جانے کی وجہ بتادی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم میکر پراہلاد کاکڑ اسی عمارت میں رہتے ہیں جس میں ایشوریا رائے کی والدہ رہائش پذیر ہیں۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں پراہلاد کاکڑ نے بتایا کہ عموماً ایشوریا ہی اپنی بیٹی کو اسکول کیلئے پک اینڈ ڈراپ کرتی ہیں، بیٹی کو ڈراپ کرنے کے بعد ایشوریا واپسی پر اپنی والدہ کے گھر آتی ہیں اور بیٹی کو اسکول سے پک کرنے تک کا سارا وقت والدہ کے گھر ہی گزارتی ہیں‘۔
پراہلاد کاکڑ کے مطابق ایشوریا اپنی والدہ سے بے حد نزدیک ہیں، ان کی والدہ کی طبیعت ٹھیک نہیں ، اس لیے وہ اپنی والدہ کے حوالے سے کافی حساس ہیں‘۔
دوران انٹرویو پراہلاد سے پوچھا گیا کہ کیا یہ افواہ سچ ہے کہ ایشوریا جیا بچن اور شویتا بچن کے ساتھ نہیں رہنا چاہتیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی والدہ کے گھر چلی گئی ہیں؟
جواب میں پراہلاد نے بتایا کہ ’ ایشوریا بچن خاندان کی بہو ہے، ابھیشیک اور ایشوریا کی طلاق کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، میں جانتا ہوں کہ ایشوریا اپنی والدہ کے گھر کیوں جاتی ہے؟ لوگ افواہیں اڑاتے رہے کہ ایشوریا ابھیشیک کو چھوڑ کر اپنی والدہ کے ساتھ رہ رہی ہے سب جھوٹ ہے کیوں کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ اس وقت تک وقت گزارتی ہے جب تک ان کی بیٹی اسکول میں ہو حتیٰ کہ کبھی کبھار ابھیشیک بھی اپنی ساس سے ملنے جاتے رہتے ہیں‘۔
ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی طلاق کی افواہیں
واضح رہے کہ ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن 2007 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے تاہم مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں دونوں شخصیات کی علیحدہ علیحدہ شرکت کے بعد سے دونوں میں ایک بار پھر طلاق کی افواہیں سامنے آئی تھیں۔
بعد ازاں ایشوریا نے انسٹاگرام پر آرادھیا کی 13ویں سالگرہ کی تقریب کی تصاویر شیئر کی تھیں تاہم ان تصاویر میں بھی ابھیشیک موجود نہیں تھے۔
دوسری جانب ابھیشیک سے متعلق خبریں زیرِ گردش رہیں کہ وہ اداکارہ نمرت کور کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہیں جب کہ ایشوریا رائے سے ان کی علیحدگی ہو گئی ہے۔
تاہم دسمبر 2024 میں دونوں اداکاروں کی ایک ساتھ مختلف تقریبات میں آمد کے ساتھ ساتھ ہنستی مسکراتی تصاویر سامنےآنے کے بعد ان افواہوں نے دم توڑ دیا تھا۔
Leave a Reply