2 ارب لوگوں کی نظریں اسلامی سربراہی اجلاس پر ہیں، اسرائیل کیخلاف واضح روڈمیپ نہ دیا تو یہ افسوسناک ہوگا: اسحاق ڈار


2 ارب لوگوں کی نظریں اسلامی سربراہی اجلاس پر ہیں، اسرائیل کیخلاف واضح روڈمیپ نہ دیا تو یہ افسوسناک ہوگا: اسحاق ڈار

2ارب لوگ یہ جاننے کے لیے منتظر ہیں کہ اس سمٹ سے کیا نکلتا ہے: وزیر خارجہ۔ فوٹو فائل

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے دنیا کے 2 ارب لوگوں کی نظریں قطر میں ہونے والے عرب اسلامی سربراہی اجلاس پر ہیں، اسرائیل کیخلاف واضح روڈ میپ نہ دیا تو یہ افسوسناک ہوگا۔

اسرائیل کی جانب سے 9 ستمبر کو قطر پر کیے گئے حملے کے بعد عرب اسلامی سربراہی اجلاس آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہو رہا ہے، سربراہی اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملے کی مذمت کے ساتھ مستقبل میں اسرائیل کی جانب سے اس طرح کے حملے روکنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف بھی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ گزشتہ روز وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قطر اور خطے کے دیگر ممالک پر اسرائیلی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے حملوں کی بھرپور مذمت کی تھی۔

اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے اجلاس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے اسرائیلی عزائم کی نگرانی کے لیے عرب اسلامی ٹاسک فورس بنانے کی تجویز دی تھی۔

اب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عرب میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ 2 ارب لوگوں کی نظریں اس سمٹ پر ہیں، اگر محض سخت تقاریر ہوئیں اور کوئی واضح روڈ میپ نہ دیا گیا تو یہ افسوسناک ہوگا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا 2ارب لوگ یہ جاننے کے لیے منتظر ہیں کہ اس سمٹ سے کیا نکلتا ہے۔

دوحہ میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی اور دونوں وزرائے خارجہ نے مسلم امہ کے مشترکہ مؤقف کیلئے او آئی سی اور عرب لیگ کے کردار پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، مصری ہم منصب بدرعبداللطیف، ملائیشیا کے وزیر خارجہ محمد حسن اور بنگلادیشی مشیر خارجہ توحید حسین سے بھی ملاقات کی اور اسرائیلی حملوں کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

اسحاق ڈار کی ازبک وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقات میں فلسطینی کاز کے لیے غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *