
نیپال میں حکومت مخالف پُرتشدد احتجاج کے بعد پارلیمنٹ تحلیل کر دی گئی اور ملک میں آئندہ سال عام انتخابات کا اعلان کردیا گیا ۔
یہ اعلان صدر کے دفتر کی جانب سے کیا گیا۔ صدارتی مشیر برائے ابلاغ کیرن پوکھریل نے غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ وزیراعظم کی سفارش پر صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کردی اور انتخابات کی تاریخ 5 مارچ 2026 مقرر کر دی گئی ہے۔
نیپال میں پارلیمنٹ کی تحلیل کا اعلان سابق چیف جسٹس ‘سوشیلا کارکی’ کی بطور عبوری وزیراعظم تقرری کے صرف 2 گھنٹے بعد سامنے آیا۔
ملک میں گزشتہ ہفتے پرتشدد ہنگاموں کے بعد نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
کے پی شرما اولی کے مستعفی ہونے کے بعد سابق چیف جسٹس سوشیلا کارکی کو عبوری وزیراعظم مقرر کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نیپال میں نوجوان سوشل میڈیا سائٹس پر پابندی اور بدعنوانی کیخلاف احتجاج کر رہے تھے اور ان مظاہروں میں 51 افراد ہلاک اور 1300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے کی کشیدگی کے بعد نیپال میں صورتِ حال معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے تاہم کچھ سڑکیں اب بھی بند ہے اور مختلف مقامات پر فوج کا گشت جاری ہے، شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کیاگیا ہے۔
Leave a Reply