
پاکستانی اداکارہ و میزبان نازیہ ملک نے اپنے اور اپنی دوستوں کے ساتھ موٹروے پر پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے کا انکشاف کیا ہے۔
نازیہ ملک نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کی جس میں انہوں نے بتایا کہ کیسے ان کے اور ان کی سہیلیوں کے ساتھ خوفناک واقعہ پیش آیا جس سے وہ بال بال بچیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل میں اپنی چار دوستوں کے ساتھ سوات گھومنے گئی تھی کہ واپسی پر یہ واقعہ پیش آیا، مجھے شروع سے ہی کار ڈرائیور کی نیت پر شک تھا، وہ پورے راستے کسی دوسرے شخص سے فون پر بات کررہا تھا اور پھر موٹروے کی ایک سنسان جگہ پر آکر گاڑی روک دی۔
نازیہ ملک نے مزید بتایا کہ میں فرنٹ سیٹ پر ڈرائیور کے ساتھ ہی تھی، ڈرائیور نے گاڑی روک کر بتایا کہ گاڑی خراب ہوگئی ہے اور پھر وہ کسی شخص سے بات کرنے لگا، میں نے موٹروے کا جائزہ لیا، آس پاس کچھ نہیں تھا، ہم خطرناک پوائنٹ پر رکے ہوئے تھے، جس پر میں نے حاضر دماغی سے کام لیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیور نے چابی گاڑی میں ہی چھوڑ دی تھی، جس پر وہ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گئیں اور ڈرائیور کو کہا کہ وہ بھلے یہیں کھڑے رہیں، وہ گاڑی چلا کر یہاں سے جا رہی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی بات پر ڈرائیور پریشان ہوا اور انہوں نے گاڑی کو خود ہی ٹھیک کرکے چلانے کی حامی بھری اور پھر انہوں نے گاڑی کو تھوڑا سا چیک کرکے اسٹارٹ کیا اور گاڑی چل گئی۔
نازیہ ملک نے بتایا کہ میری حاضر دماغی نے ہمیں بچالیا، میری سب دوستیں پریشان ہوگئی تھیں، انہیں کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا۔
Leave a Reply