
کھٹمنڈو: نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما اولی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
نیپالی وزیراعظم کے سیکرٹریٹ دفتر کی جانب سے کے پی شرما اولی کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
نیپالی وزیراعظم کے دستخط سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کے پی شرما اولی نے ملک میں جاری بحران کے آئینی حل کے لیے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال میں کرپشن اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بلاک کیے جانے کے بعد سے کھٹمنڈو سمیت مختلف شہروں میں شدید احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جس میں 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
احتجاجی مظاہروں کے دوران اہم سیاسی شخصیات کے گھروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں نیپالی وزیراعظم کے پی شرما اولی اور سابق وزیراعظم شیر بہادر کا گھر بھی شامل ہے جب کہ مظاہرین نے سیاسی جماعت کے ہیڈ کوارٹر کو بھی نشانہ بنایا۔
سول سروسز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے مطابق ملک میں ہونے والے احتجاج میں اب تک 250 سے زائد افراد زخمی ہیں جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کھٹمنڈو میں کرفیو کے باوجود ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے جہاں انکی فورسز سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔
دوسری جانب ملک میں ہفتے سے جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کھٹمنڈو کے تری بھون ائیرپورٹ کو آپریشنز متاثر ہونے کی وجہ سے جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔
Leave a Reply