اسرائیلی فوجی کی جانب سے غزہ شہر پر کنٹرول کے دعوے کے بعد حماس نے غزہ شہر سے اسرائیلی یرغمالی کی ویڈیو جاری کردی۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے آج اسرائیلی یرغمالی گائے گل بوا کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں اسے گاڑی میں بٹھا کر غزہ شہر کی گلیوں میں گھمایا جارہا ہے۔
ویڈیو میں اسرائیلی یرغمالی نے کہنا ہے کہ میں القسام بریگیڈز کا ایک قیدی ہوں، آج جمعرات، 28 اگست 2025 ہے۔ مجھے یقین نہیں آتا کہ 22 ماہ کی قید کے بعد بھی میں زندہ ہوں۔
یرغمالی کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہاں اذیت میں ہیں، نہ کھانا ہے، نہ گیس ہے، نہ پانی ہے اور نہ بجلی، میں اور دوسرے قیدی اور غزہ کے 20 لاکھ دوسرے شہری بھی ان مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔
اسرائیلی یرغمالی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا شکریہ کہ آپ نے ہمیں آخرکار روٹی اور کچھ پنیر کھانے کی اجازت دی، آپ کا شکریہ کہ آپ نے ہمیں زندہ رہنے کے لیے کچھ توانائی دی جبکہ آپ کا بیٹا میامی میں مزے سے بھنے گوشت سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔
یرغمالی کا کہنا تھا کہ میں نے سنا ہے کہ فوج غزہ شہر پر حملہ کرنے والی ہے اور میں اس خیال سے خوفزدہ ہوں، اس کا مطلب ہے کہ ہم یہاں مر جائیں گے، مجھے القسام کے لوگوں نے بتایا ہے کہ ہم غزہ شہر سے نہیں جائیں گے، ہم فوج کے حملے کی پرواہ کیے بغیر یہیں رہیں گے۔
یرغمالی نے کہا کہ اس کا مطلب صرف ایک چیز ہے کہ میں اور میرے 8 سے زیادہ دوست، 8 اسرائیلی شہری، یہاں مر جائیں گے۔ میں اس خیال سے خوفزدہ ہوں، یہ ایک ڈراؤنا خواب ہے اور یہ سب اسرائیلی حکومت کی وجہ سے ہورہا ہے۔
اسرائیلی یرغمالی نے اسرائیلی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس حکومت کے خلاف سخت احتجاج کریں۔
یرغمالی کا کہنا تھا کہ ہم نے سوچا تھا کہ ہم حماس کے قیدی ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہماری حکومت، نیتن یاہو، بن گویر اور اسموتریچ ہمیں قید کیے ہوئے ہیں۔ وہ ہر وقت جھوٹ بولتے ہیں اور نہیں چاہتے کہ ہم گھر واپس جائیں۔
ویڈیو میں اسرائیلی یرغمالی کو ایک اور یرغمالی سے ملتے ہوئے دکھایا گیا جبکہ اسرائیلی یرغمالی کو ریڈ کراس کے دفتر کے سامنے بھی دکھایا گیا۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے 40 فیصد حصے پر بضے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ آج سے اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں کثیر المنزلہ عمارتوں کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔
Leave a Reply