
پاکستان فلم انڈسٹری کی ماضی کی مشہور اداکارہ نشو بیگم نے اپنی پہلی شادی کو بے وقوفی قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان کی تین شادیاں ہو چکی ہیں۔
سابقہ اداکارہ کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہوں نے اپنی زندگی سے متعلق انتہائی نجی گفتگو کی۔
نشو بیگم کا کہنا تھا کہ ‘سعودی عرب جیسے ملک میں عورتوں کی 10، 10 شادیاں ہو جاتی ہیں، خواتین ایک طلاق کے بعد دوسری شادی کر لیتی ہیں لیکن ہمارے ہاں نکاح کو مسئلہ بنا دیا گیا ہے، پاکستان کی بھی متعدد سینئر اداکاراؤں نے زائد العمری میں شادیاں کیں، جن میں بشریٰ انصاری، انجمن اور ثمینہ احمد سمیت دیگر شامل ہیں’۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ‘میرے رشتے کبھی آنا بند نہیں ہوئے، اب بھی کئی افراد کی جانب سے شادی کے پروپوزلز مل چکے ہیں، اور اب تک مل رہے ہیں’۔
نشو بیگم کا مزید کہنا تھا کہ ‘شادی کا عمر سے کوئی تعلق نہیں، میں کسی وقت بھی شادی کر سکتی ہوں، اگر بھارتی اداکارہ ریکھا نے شادی کی تو میں بھی شادی کر لوں گی، اور میرے بچوں کو میری شادی سے کوئی مسئلہ نہیں، بیٹا کہتا ہے کہ امی شادی کرلیں لیکن کوئی بیوقوفی مت کیجیے گا’۔
خیال رہے کہ نشو بیگم نے تین شادیاں کی ہیں، ان کی پہلی شادی امام ربانی سے ہوئی، جن سے ان کی بیٹی صاحبہ ہے اور ان کی پہلی شادی صرف 11 ماہ چلی تھی، اداکارہ نے دوسری شادی معروف شاعر تسلیم فاضلی سے کی تھی جو بھارتی شاعر ندا فاضلی کے چھوٹے بھائی تھے لیکن ان کے شوہر محض 32 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔
نشو بیگم نے تیسری شادی فلم ساز کاظم پاشا سے کی جو ان کے شوہر (کاظم پاشا) کے انتقال تک قائم رہی، ان کے تیسرے شوہر بھی عارضہ قلب کے باعث چل بسے تھے، ان کے دوسرے شوہروں سے بھی بچے ہیں جس کا اعتراف انہوں نے پروگرام میں کیا۔
Leave a Reply